غیر ملکی خاتون سیاح کو لوٹ لیاگیا،پولیس حدود کے تنازع پر لڑتی رہی


غیر ملکی خاتون سیاح کو 5 ساتھیوں سمیت لوٹ لیا گیا، پولیس آپس میں حدود کے تنازع پر لڑتی رہی

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سوئس سفارت خانے کی خاتون سمیت 5 پاکستانیوں کو 6 گھنٹے تک یرغمال بنانے کے بعد لوٹ لیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک غیر ملکی خاتون اور اس کے 5 پاکستانی ساتھیوں نے تھانہ گولڑہ کی حدود میں شاہ اللہ دتہ کے قریب اپنی گاڑیاں پارک کیں اور پھر ہائیکنگ کرتے سٹوپا کی طرف جا رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے اسلحے کی نوک پر مارگلہ ہلز میں روک لیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے موبائل فون، گھڑیاں چھین لیں اور پھر خاتون سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا اور 2 افراد کو چھوڑ دیا۔ملزمان نے جن دو افراد کو جانے کی اجازت دی انہیں اے ٹی ایم سے رقم نکالنے پر مجبور کیا اور خبردار کیا کہ اگر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی تو ان کے ساتھیوں کو قتل کر دیا جائے گا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ 2 افراد نے اے ٹی ایم سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے نکالے اور رقم ڈاکوؤں کے حوالے کر دی جس کے بعد یرغمالیوں کو رہا کر دیا گیا۔اس دوران وقوعہ راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا اور اسلام آباد کے گولڑہ تھانہ کے درمیان تنازع بنارہا۔پولیس کے مطابق سیاحوں کو تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں یرغمال بنایا گیا لیکن انکی گاڑیاں تھانہ گولڑہ کی حدود میں کھڑی تھیں جس پرڈی آئی جی کو نوٹس لینا پڑا۔گولڑہ تھانے کے پولیس اہلکار کے مطابق سیاحوں کو ٹیکسلا میں واقع اسٹوپا کے قریب سے حراست میں لیا گیا تھا تاہم ان کی گاڑیاں گولڑہ تھانے کی حدود میں کھڑی تھیں اس لیے متعلقہ تھانہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں ہائیکنگ ٹریل پر سیاحوں سے ڈکیتی کے واقعہ پر ایس ایچ او تھانہ گولڑہ کو معطل کر دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے کہا کہ ہائیکنگ ٹریل جس حدود میں ہو سیاحوں کی حفاظت اس تھانے کی ذمہ داری ہے۔ جرائم روکنے میں ناکام ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی۔ڈی آئی جی نے سرپرائز دورہ کر کے تھانہ گولڑہ کا تمام ریکارڈ خود چیک کیا اس دوران انہوں نے تھانے کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور محرر و ایس ایچ او اور گشت افسران سے باز پرس کی۔ہائیکنگ ٹریک پر جانے والی سوئٹزرلینڈ کی خاتون سیاح اور اس کے 5 ساتھیوں کے ساتھ ڈکیتی کے واقعہ پر ڈی آئی جی نے الگ سے انکوائری کی بھی ہدایت کر دی۔ جس کی رپورٹ آنے پر دیگرغفلت کے مرتکب ماتحت پولیس افسران کے خلاف بھی محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔


1 2 3 4 5 Next Last